اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان وزارت داخلہ نے عمران فاروق کیس کے حوا لے تفتیشی ٹیم کی لندن جانے کے حوالے سے خبروں کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے کسی تفتیشی ٹیم کو عمران فاروق کیس کے حوالے سے لندن نہیں بھیجا جا رہا ہے،پاکستان کے پاس جو کوائف تھے وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ سے شیئر کیے جا چکے ہیں، عمران فاروق کیس اب عدالتی معاملہ ہے،کیس کو قانون کے مطابق آگے چلایا جائے گا۔پیر کو ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان سے کسی تفتیشی ٹیم کو عمران فاروق کیس کے حوالے سے لندن بھیجا جا رہا ہے،پاکستان کے پاس جو کوائف تھے وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ سے شیئر کیے جا چکے ہیں اور اس خبر میں بھی کوئی صداقت نہیں کہ وز یرِداخلہ نے کیس کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔تر جمان کا وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ باربار کہا گیا ہے کہ یہ ایک خالصتاً قانونی اور عدالتی معاملہ ہے اورپورے کیس کو قانون کے مطابق آگے چلایا جائے گا اس لئے بلا جواز قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے اور بلا تصدیق ایسی خبریں نہ شائع کی جائیں ۔