خبرنامہ پاکستان

کوئی سیاسی مقاصد نہیں‘ ریحام خان

برمنگھم (آئی این پی) ریحام خان فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن ریحام خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بچیوں کی تعلیم و تربیت کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی ہے ، ریحام خان فاؤنڈیشن پاکستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی ادارے قائم کرکے لڑکیوں کو مفت تعلیم دے گی، کوئی سیاسی مقاصد نہیں ، اﷲ تعالیٰ نے شہرت ، عزت اور مال و دولت سے نواز رکھا ہے جس پر پاکستان کی غریب بچیوں کا حق ہے اور یہ حق انہیں رسمی و غیر رسمی تعلیم ، انفارمیشن ایجوکیشن، آرٹس ،دستکاری، سپورٹس کوچنگ وغیرہ کی صورت میں دونگی ، وہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ریحام خان فاؤنڈیشن کیلئے فنڈز جمع کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں جس کا اہتمام منی انگلینڈ غورغشتی سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیت حنیف خان دعوا جبکہ مرزا خان، چوہدری محمد ابراہیم، محمد اسماعیل، محمد نسیم خان، مولانا محمد ایاز ، مولانا محمد سعید نے خصوصی تعاون کیا، ریحام خان فاؤنڈیشن کی فنڈنگ کیلئے منعقدہ تقریب میں برمنگھم کی اہم سیاسی ، سماجی، کاروباری شخصیات نے مشترکہ طور پر 10ہزار پاؤنڈ ( 16لاکھ روپے تقریباً)جمع کرکے ریحام خان کے حوالے کئے ، اس حوالہ سے منتظم حنیف خان دعوہ نے کہا کہ آر کے فاؤنڈیشن کے مقاصد کے پیش نظر ہم آئندہ بھی فنڈز جمع کرتے رہیں گے اس حوالہ سے عنقریب ایک میگا چیئریٹی شو کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں تحصیل حضرو کے گاؤں منی انگلینڈ غورغشتی سے بھی فنڈنگ کی جائے گی اس سلسلہ میں علاقہ کے معروف صحافی نثار علی خان کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ چھچھ کے پسماندہ علاقوں میں بھی بچیوں کی تعلیم کیلئے ریحام خان فاؤنڈیشن کردار ادا کر سکے، ریحام خان نے اپنی فاؤنڈیشن کیلئے فنڈز ریزنگ پر حنیف خان، انکے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ۔