خبرنامہ پاکستان

کورکمانڈر راولپنڈی کا سی ایم ایچ کا دورہ

مظفرآباد: (ملت+اے پی پی) آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں سے بھارتی گولہ باری کے پیش نظر شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔ دوسری طرف گزشتہ روز وادی نیلم میں مسافر بس پر بھارتی شیلنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے کور کمانڈر راولپنڈی مظفرآباد سی ایم ایچ پہنچے جہاں انہوں نے جی او سی مری میجر جنرل کلیم آصف کے ہمراہ 7 زخمی افراد کی عیادت کی۔ آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول کے علاقوں نیلم اور بٹل سیکٹر کے علاقہ مکینوں نے مسلسل بھارتی فوج کی شہری آبادی پر گولہ باری کے پیش نظر دوسرے شہروں کی طرف نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ادھر دوسری جانب مظفرآباد سمیت آزادکشمیر بھر میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ مظفرآباد میں سب سے بڑی ریلی جماعت الدعوہ کے زیراہتمام چہلہ پل سے شروع ہوئی جو آزادی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکاء ریلی نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مودی کے خلاف نعرے درج تھے۔ آزاد کشمیر کے دوسرے شہروں راولا کوٹ، باغ، سدھنوتی، کوٹلی میں بھی بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوس کیے گئے۔