خبرنامہ پاکستان

کولیشن سپورٹ فنڈ قبائلی علاقوں کی سیکورٹی بہتربنانےمیں مددگارثابت ہوا: ترجمان پاکستان

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے کولیشن سپورٹ فنڈ قبائلی علاقوں کی سیکورٹی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوا ہے۔ واشنگٹن میں ترجمان ندیم ہوتیانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کا انتظام پاک امریکا مشترکہ مفادات حاصل کرنے کیلئے تشکیل دیا گیا اور اس نظام کے تحت قبائلی علاقوں میں سیکورٹی کا نظام بہتر بنانے میں مدد لی گئی ہے- ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے جب کہ ضرب عضب آپریشن میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے،دس سال سے زائد کے ملٹری آپریشنز میں پاکستان میں ساٹھ ہزار ہلاکتیں ہوئیں جبکہ چھ ہزار سیکورٹی اہلکاروں نے جانوں کے نذرانے دیے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے خالی کرائے جانے والے علاقے دوبارہ دہشت گردوں کے ہاتھ نہیں آنے دیں گے،کانگریس کے سینئر ارکان اور میڈیا دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں اور پاکستان تمام پارٹنرز کے ساتھ ان علاقوں کی سلامتی اور استحکام کیلئے کام کرتا رہے گا۔