کوٹلی: …. گزشتہ روز ہونے والے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم اور ایک کارکن کی ہلاکت کے بعد آج بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ شہر میں کاروباری مراکز، دکانیں بند ہیں جبکہ پولیس اور فوج تعینات ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبد المجید نے کل وادی بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ادھر کارکن کی ہلاکت کیخلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نکیال میں احتجاج کرتے ہوئے کوٹلی روڈ کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے اس موقع پر ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی۔ گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ہنگامے بڑھنے پر فوج طلب کر لی گئی جبکہ پولیس کو آنسو گیس شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔ پولیس نے ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔