کوہاٹ ۔ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے منگل کو کوہاٹ میں پی ٹی وی کے ری براڈ کاسٹ سٹیشن کا باضابطہ افتتاح کیا جو 4 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کوہاٹ میں پی ٹی وی کے ری براڈ کاسٹ سٹیشن کے احاطہ میں تختی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر سابق سینیٹر عباس خان آفریدی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالسلام خٹک، پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک اور پی ٹی وی کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ایک قومی ٹی وی چینل ہے جو عوام کو ان کی دہلیز پر معلومات، تعلیم، کھیلوں اور تفریح کی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے 80 فیصد سے زائد علاقے کی کوریج کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں نئے ری براڈ کاسٹ سٹیشن سے کوہاٹ اور اس کے نواحی علاقوں کے 7 لاکھ سے زیادہ شہری مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کے پروگراموں کو عالمی معیار کے مطابق لا کر انہیں مزید بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے مقررہ وقت میں ری براڈ کاسٹ سٹیشن کی تکمیل پر پی ٹی وی کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ری براڈ کاسٹ سٹیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جس کے دوران ایم ڈی پی ٹی وی نے انہیں مذکورہ شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سینیٹر پرویز رشید کو بتایا گیا کہ اس منصوبے پر کام 15 نومبر 2015ء کو مکمل کیا گیا اور سٹیشن کا کل رقبہ 250 مربع کلومیٹر ہے، انہیں بتایا گیا کہ ری براڈ کاسٹ سٹیشن میں 500 واٹ ٹرانسمیشن پاور اور 150 فٹ بلند ٹاور کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن سے سات لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے۔ سینیٹر پرویز رشید کو بتایا گیا کہ فی الوقت خیبر پختونخوا میں 18 ری براڈ کاسٹ سٹیشنز کام کر رہے ہیں اور بونیر اور پوران میں دو نئے براڈ کاسٹ سٹیشنز کی تعمیر جلد مکمل ہو جائے گی۔