اسلام آباد:(آئی این پی )کپاس کی پیداوار میں ممکنہ کمی کے پیش نظر رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف حاصل ہونا مشکل ہے۔ وزیر خزانہ کہتے ہیں موجودہ حکومت میں غیرملکی قرضوں میں تین ارب ڈالر سے زائد اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں مالی سال اقتصادی ترقی کا ہدف ساڑھے پانچ فیصد ہے، بیشتر معاشی اشاریوں میں بہتری کے باوجود کپاس کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، جس سے معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ تاہم تیس جون دوہزار سولہ تک معیشت کی شرح افزائش پانچ فیصد سے زائد رہے گی، انہو ں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ملکی قرضوں کا حجم تین ہزار آٹھ سو ارب روپے بڑھ کر اٹھارہ ہزار دو سو چونسٹھ ارب روپے ہوگیا، اس دوران غیرملکی قرضوں میں تین ارب بیس کروڑ ڈالر اضافہ ہوا اور ان کی مالیت اکیاون ارب اکتیس کروڑ ڈالر پر پہنچ گئی۔