خبرنامہ پاکستان

کچھوے کی چال اسلام آباد کو منزل تک نہ پہنچا سکی

کچھوے کی چال اسلام آباد کو منزل تک نہ پہنچا سکی
لاہور: (ملت آن لائن) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کچھوے کی چال اسلام آباد کو منزل تک نہ پہنچا سکیکراچی وائٹس نے مقابلہ19رنز سے جیت لیا اسد شفیق نے45کی اننگز کھیلی جب کہ ناکام ٹیم کے عرفان اور عمر گل نے3،3پلیئرز کو رخصت کیا۔ دوسرے میچ میں لاہور بلوز کی ٹیم فاٹا کیخلاف19رنز سے سرخرو ہوئی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور نے4 وکٹ پر 177 کا مجموعہ ترتیب دیا، حسین طلعت 68 پر ناقابل شکست رہے،محمد حفیظ31، احمد شہزاد 29اور آغا سلمان 28 رنز ناٹ آؤٹ بنانے میں کامیاب ہوئے، ناکام سائیڈ نے صرف 30 رنز کے سفر میں نصف بیٹنگ لائن گنوانے کے بعد7وکٹ پر 158رنز بنائے،اعزاز چیمہ نے 3شکار کیے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جاری ایونٹ میں گذشتہ روز اسلام آباد نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، کراچی وائٹس نے خرم منظور (5) کی وکٹ پہلے اوور کی آخری گیند پر گنوا دی، محمد عرفان نے انھیں وکٹ کیپر محمد نقاش کا کیچ بنوایا، دوسری وکٹ 48 پر گری، اکبر الرحمان (6) کو رضا حسن نے بولڈ کر دیا۔
حارث سہیل کو عمر گل نے 11 تک محدود کرنے کیلیے وکٹ کیپر کا سہارا لیا، دوسرے اینڈ سے تسلسل کے ساتھ رنز بنانے والے اسد شفیق 27 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد عادل امین کی گیند پر بولڈ ہو گئے،شاہد یوسف (17) کی بیلز راحت علی نے فضا میں بکھیر دیں، عمر گل نے انور علی (12) کو محمد نقاش کا کیچ بنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد (28) کو بھی بولڈ کر دیا، 19 واں اوور محمد عرفان نے کرایا جو تباہ کن ثابت ہوا، رومان رئیس (7) کو رضا حسن کی مدد سے میدان بدر کرنے کے بعد تابش خان بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہو گئے،ذوالفقار بابر (9) نے بھی رضا حسن کو کیچنگ پریکٹس کرائی، کراچی وائٹس کی پوری ٹیم 148 پر آؤٹ ہو گئی، محمد عرفان اور عمر گل نے 3،3وکٹیں لیں۔