خبرنامہ پاکستان

کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستانی ہائی کمشنر

اوٹاوا (ملت + آئی این پی) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سی پیک میں چینی سرمایہ کاری اور پاکستان میں مڈل کلاس کے عروج کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،سی پیک کے تحت جاری انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔پیر کو مینی توبا چیمبر آف کامرس کے صدر مسٹر چک ڈیوڈسن کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے کہاکہ کینیڈین کمپنیوں کو پاکستان میں معاشی ترقی کی وجہ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔پاکستان اقتصادی ترقی کی دہلیز پر ہے ،صارفین کی بڑی مانگ کی وجہ سے کینیڈین فرموں کیلئے سرمایہ کاری کے بہت سارے مواقعے ہیں چیمبر کے صدر کو ملک کی گزشتہ چند سالوں میں معاشی کامیابیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے طارق عظیم نے بتایاکہ 2013سے پہلے جی ڈی پی نمو 3فیصد پر کھڑی تھی اور اب پاکستان کو رواں سال 5.5فیصد جی ڈی پی نمو کی شرح کو حاصل کرنے کی توقع ہے ۔انھوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ 2018اور 2025کے درمیان معیشت میں 8فیصد اضافہ ہوگا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج ایشیا میں بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سٹاک ایکسچینج ہے جس کے انڈیکس میں صرف تین سال کے مختصر عرصے میں 18ہزار سے 50ہزار اضافہ ہوا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ سی پیک میں چینی سرمایہ کاری اور پاکستان میں مڈل کلاس کے عروج کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ۔سی پیک کے تحت جاری انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں سے خطے میں خوشحالی اور ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ پاکستان اور مینی ٹوبہ صوبہ کے درمیان تجارت میں گزشتہ دو سالوں کے دوران 100فیصد اضافہ ہوا ہے لیکن ابھی بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انھوں نے کہاکہ ٹیکسٹائل مصنوعات جس میں بیڈلنن، کھیلوں کے سامان، آلات جراحی، باسمتی چاول، چمڑے کی مصنوعات اور پاکستانی آم دنیا کے بہترین معیار کے ہیں۔انھوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے چیمبر کو پاکستان کے دورے کیلئے سرمایہ کاروں کے ایک وفد کی میزبانی کرنے کی پیشکش بھی کی ۔