خبرنامہ پاکستان

کیپٹن صالح کی نماز جنازہ ادا، راولپنڈی میں سپردِ خاک

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) پی آئی اے طیارے کے کیپٹن صالح جنجوعہ کی نماز جنازہ ریس کورس گراؤنڈ راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ مرحوم کے ساتھیوں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر دوست کے بچھڑنے پر ہر دل غمزہ اور ہر ساتھی افسردہ نظر آیا۔ کیپٹن جنجوعہ کی میت ایمبولینس کے ذریعے جناز گاہ لائی گئی۔ سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اور پی آئی اے کے اعلیٰ افسران بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ صالح جنجوعہ کے دوست کہتے ہیں کہ انہوں نے دوست نہیں اپنا بھائی کھو دیا ہے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کیپٹن صالح جنجوعہ کو ریس کورس قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔