خبرنامہ پاکستان

گوادر: پاکستان ایک ہزار ارب ڈالر کی تجارت کرے گا

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہاہے کہ گوادر بندرگاہ سے سالانہ ایک ہزار ارب ڈالر کی تجارت ہو گی ۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان کے عوام کو اتنا روزگار ملے گا کہ حکومت سے روزگار مانگنے کے لئے کوئی نہیں آئے گا۔ وزیر اعظم نے آرمی چیف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک وقوم کی تقدیر بدل جائے گی جبکہ گوادر بندر گاہ سے ایران ، مشرق وسطیٰ ، امریکا سمیت یورپی ممالک کو سالانہ ہزار ارب ڈالر کی تجارت ہو گی جس سے معیشت مضبوط اور ملک ترقی کرے گاجبکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دوست ملک چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہاہے جن میں سب زیادہ سرمایہ کاری توانائی پر کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے محروم طبقہ کی بدحالی خوش حالی میں بدل جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز الوداعی تقریب میں آرمی چیف کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔