خبرنامہ پاکستان

گوادر کاخطہ ممالک کےدرمیان روابط کا بہترین ذریعہ ہوگا، چینی سفیر

گوادر:(اے پی پی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ گوادر منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے، گوادر کا مستقبل روشن ہے اس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا، گوادر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات منصوبے کا حصہ ہیں، گوادر علاقائی ملکوں کے درمیان روابط کا بہترین ذریعہ ہو گا، بلوچستان کے 20 عمائدین چین کا دورہ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ گوادر میں آنا میرے لئے اعزاز ہے، گوادر بندرگاہ اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے، گوادر بندرگاہ کا منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ گوادر بندرگاہ کی تعمیر میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، گوادر پورٹ کی تعمیر انجینئرز اور تکنیکی عملہ کی مہارت کا نتیجہ ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ گوادر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ہم پرامید ہے کہ گوادر کا مستقبل روشن ہے۔ گوادر منصوبے سے علاقے کے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ پاکستان اور چین گوادر فری زون کیلئے ملکر کام کریں گے۔ گوادر کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات منصوبے کا حصہ ہیں۔ گوادر علاقائی ملکوں کے درمیان روابط کا بہترین ذریعہ ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے کیلئے شاہراہوں کی تعمیر جاری ہے۔ علاقے میں تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ بلوچستان سے20 عمائدین کا وفد چین کادورہ کرے گا۔ بلوچستان میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء کو چین میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ چین کی طرف سے تحفے میں بنائے گئے سکول میں دو سو بچے تعلیم حاصل کرینگے۔