خبرنامہ پاکستان

گودام آتشزدگی، 12 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا

گودام آتشزدگی، 12 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا
کراچی: (ملت آن لائن) شہر قائد میں سٹی فائر سروس کی ہڑتال اور پانی کی کمی بڑا مسئلہ بن گئی۔ نیو سبزی منڈی کے قریب فائر فائیٹنگ آپریشن بار بار متاثر ہوتا رہا۔ مالک کو واٹر ٹینکرز منگوانے پڑ گئے۔ دوپہر ڈھائی بجے کا وقت تھا۔ جنریٹر کے تاروں میں شارٹ سرکٹ نے آگ بھڑکا دی جو پھیلتی ہی چلی گئی۔ سپرہائی وے کراچی کی سبزی منڈی کے قریب گودام میں لگنے والی آگ کئی گھنٹے تک من مانی کرتی رہی۔ لیکن اس کے بعد بھی فائر بریگیڈ کی صرف تین گاڑیاں پہنچیں تو پانی ختم ہو گیا۔ جس کے بعد گودام کے مالک نے پانی کا بندوبست بھی خود ہی کیا۔
فائر فائٹرز کا کہنا تھا کہ انہیں آٹھ ماہ سے فائر الاؤنس نہیں ملا جس کی وجہ سے وہ ہڑتال پر ہیں، اس لئے آگ بجھانے کی کم گاڑیاں آئیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ الاؤنسز نہ ملنے پر احتجاج اپنی جگہ لیکن احتجاج کی قیمت عوام ادا کریں یہ ٹھیک نہیں۔