خبرنامہ پاکستان

گھوٹکی کا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے عبدالباری پتافی نے جیت لیا

گھوٹکی کا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کے عبدالباری پتافی نے جیت لیا

گھوٹکی:(ملت آن لائن) سندھ کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 گھوٹکی کا ضمنی انتخاب پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالباری پتافی نے جیت لیا۔ تمام 164 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوارعبدالباری پتافی 48ہزار114 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ ان کے مدمقابل مسلم لیگ فنکشنل کےامیدوار میاں مجن 36 ہزار987 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مبارکباد دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے عبدالباری پتافی اور گھوٹکی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ ‘نہ میر جو نہ پیر جو ووٹ بینظیرجو’۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے کوعبرتناک شکست عوام کی فتح ہے، سندھ کے عوام نے 2018 کے انتخابات کا بھی فیصلہ دے دیا، پیپلزپارٹی کی فتوحات کا یہ سلسلہ ملک بھر میں جاری ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی گھوٹکی انتخابات میں کامیابی پرعبدالباری پتافی کو مبارکباد دی اور کہا کہ عبدالباری پتافی کی کامیابی پیپلز پارٹی پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ خیال رہے کہ پی ایس 7 کی نشست سندھ اسمبلی کے رکن احمد علی خان کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔