خبرنامہ پاکستان

گیارہ ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی:خواجہ آصف

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2018 تک بجلی کے مختلف منصوبے مکمل ہونے سے 11ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آ جائے گی جس کے بعد بجلی کی مجموعی پیداوار31ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی ، بجلی کے منصوبوں کی تکمیل منفی سیاست کرنے والوں کیلئے سیاسی موت ثابت ہوگی، ملک تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن ہو گا۔ ہفتہ کو بجلی کے جاری منصوبوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 680 میگاواٹ کا چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ تھری اور فور منصوبے کا پہلا یونٹ مئی 2016 جبکہ دوسرا یونٹ دسمبر 2016 تک مکمل ہو جائے گا اور بجلی پیدا کرنے کا آغاز کرے گا، سولر، ونڈ اور دیگر ذرائع سے 2083 میگاواٹ ، منصوبوں میں سے 1033 میگاواٹ کے منصوبے 2016 تک، 601 میگاواٹ کے منصوبے 2017تک جبکہ 449 میگاواٹ نے منصوبے جون 2018 سے قبل مکمل ہو جائیں گے، ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے والے 1200 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے 3منصوبوں میں سے شیخوپورہ میں بھکی پلانٹ کا 800 میگاواٹ کا پہلا یونٹ مارچ 2017 تک جبکہ 400 میگاواٹ کا دوسرا یونٹ دسمبر 2017تک مکمل ہو گا، ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے والا دوسرا منصوبہ ضلع جھنگ میں حویلی بہادر شاہ پلانٹ کا 800میگاواٹ کا پہلا یونٹ اپریل 2017 جبکہ 400 میگاواٹ کا دوسرا یونٹ نمبر 2017 تک مکمل ہو جائے گا۔ قصور میں بالوکی پلانٹ منصوبے کا 800میگاواٹ کا پہلا یونٹ مئی 2017 جبکہ 400 میگاواٹ کا دوسرا یونٹ دسمبر2017 کو مکمل ہو جائے گا یوں ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے والے 3600 میگاواٹ کے تینوں منصوبے دسمبر 2017 تک مکمل ہو جائیں گے، پنجاب میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے پہلے سے موجود پلانٹس سے ایل این جی کے ذریعے 250 میگاواٹ بجلی کا منصوبہ اپریل 2017 میں مکمل ہو جائے گا، خیبرپختونخوا میں پیترنڈہائیڈرو پاور پراجیکٹ جو 147 میگاواٹ کا منصوبہ ہے مارچ 2017 کو مکمل ہو گا، خیبرپختونخوا میں تربیلا 4 توسیعی منصوبے سے 1410 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور یہ منصوبہ جون 2017 میں مکمل ہو گا، آزاد کشمیر میں نیلم جہلم ہائیڈل منصوبہ جس سے 969 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، یہ منصوبہ اگست 2017 میں مکمل ہو گا، کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے والا ساہیوال کول پاور منصوبہ سے 1320 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور یہ منصوبہ دسمبر 2017 تک مکمل ہو گا، کوئلہ سے بجلی پیدا کرنے والا 1320 میگاواٹ کے دوسرے منصوبے پورٹ قاسم پاور پراجیکٹ کا 660میگاواٹ کا پہلا یونٹ جون 2018 تک مکمل ہو گا جبکہ 660میگاواٹ کا دوسرا یونٹ دسمبر 2018 تک مکمل ہو جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں گولنگول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 106میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور یہ جولائی 2018 تک مکمل ہو گا، کوٹلی آزاد کشمیر میں گل پور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 102 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور یہ اکتوبر 2018 تک مکمل ہو گا، بجلی کے ان منصوبوں کی تکمیل سے 11987.5 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جو دسمبر کے آخر تک سسٹم میں آ جائے گی اور ملک کی بجلی کی پیداواری صلاحیت 19900میگاواٹ سے بڑھ کر31019.5میگاواٹ ہو جائے گی۔(اح+وخ)