خبرنامہ پاکستان

گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، مریم نواز

گیدڑوں کے ڈر

گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، مریم نواز

راولپنڈی:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ چھپ کر وار کرنے والے گیدڑ ہوتے ہیں اور گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے۔ راولپنڈی کے فوارہ چوک پر جلسہ نما ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کی نواز شریف سے محبت میں شدت کی وجہ پتہ ہے اور معلوم ہے کہ آپ کے لیڈر کے ساتھ جو کیا گیا اس کا دکھ ہے۔ مریم نواز نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نا آپ کا لیڈر دھرنوں سے پیچھے ہٹا اور نا سازشوں سے تاہم اب مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے، شیروں کا مقابلہ جوتوں سے نہیں ہو سکتا اور گیدڑوں کے بزدلانہ وار کو سینے پر لینے والا نواز شریف ہوتا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں پر تب ہی اترتے ہیں جب دلیل ختم ہوجاتی ہے، یاد رکھنا دشمن ہار مان چکا ہے۔
وہ لیڈر کہلانے کا حقدار نہیں جس کی سوچ، زبان اور فیصلے اپنے نا ہوں، مریم نواز
عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘ایک مذمتی بیان دینے سے سمجھتے ہو کہ لوگ تمہیں معاف کردیں گے، تم نے 4 سال شرمناک کلچر پروموٹ کیا، کس نے کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس سے انہیں گردن سے پکڑ کے باہر نکالو’۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ اس انسان کا نام لینے کی ضرورت نہیں اور وہ لیڈر کہلانے کا حقدار نہیں جس کی سوچ، زبان اور فیصلے اپنے نا ہوں۔ مریم نواز نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ 2013 کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے عوام نے ایک شخص کو ووٹ دیکر منتخب کیا لیکن اس شخص نے مڑ کر اس اپنے حلقے کا حال نہیں پوچھا۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں تمام ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) نے کرائے، تمہارے (عمران خان) کے پاس 5 سال کی کارکردگی بتانے کیلیے ہے ہی کیا؟ انہوں نے کہا کہ بیانیہ صرف الفاظ یا جذبات نہیں ہوتے، اس کے پیچھے 5 سال کی انتھک محنت ہوتی ہے۔
2018 کے الیکشن میں انگلی کی سیاست کرنے والوں کو دفن کر دیں گے، رہنما (ن) لیگ
رہنما مسلم لیگ (ن) نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تمہارے پاس صرف جھوٹ پےجھوٹ، بہتان تراشی، الزامات اور کیچڑ اچھالنے کی سیاست ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ تمہارے پاس ووٹ ڈالنے کے لیے انگوٹھے کی طاقت نہیں ہے اور 2018 کے الیکشن میں انگلی کی سیاست کرنے والوں کو دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تہمارے پاس 5 سالوں کے دوران دھرنے اور ہارس ٹریڈنگ ہے جبکہ نواز شریف بکتاہے نہ بکنے دیتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر سے پلاننگ کے تحت جو کیا جا رہا ہے وہ آپ کے لیڈر کی سیاست نہیں بلکہ نواز شریف اقدار کی سیاست کرتاہے اقتدار کی نہیں۔