خبرنامہ پاکستان

ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے‘وزیراعلیٰ پرویز خٹک

صوابی (ملت+آئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نہتے عوام پر وحشیانہ تشدد اور شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ غیر انسانی فعل ہے ۔ وفاقی اور پنجاب حکومت ظلم کی نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ حکمرانوں کی چوری اور بد ترین آمریت کے خلاف عمران خان کی تحریک کو کامیاب کرنا ضروری ہے۔ہم پرامن طریقے سے اپنے قائد کو ملنے اسلام آباد جار ہے تھے چنگیز ی قوتوں نے وحشیانہ کاروائی کی ہے جس کی کوئی قانون اجازت نہیں دیتا یہ لوگ آمریت کی پیداوار ہیں انہوں نے ہمارے امن کو للکارا ہے ہمیں یہ چیلنج قبول ہے ۔ ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے اور بنی گالا میں عمران خان کا غیرقانونی محاصرہ ختم کریں گے آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے ہم پرامن لوگ ہیں اور اپنا آئینی حق استعمال کررہے ہیں ۔مگر نوازشریف، شہباز شریف، چوہدری نثار اور پنجاب پولیس صوبے کا ملک سے رابطہ منقطع کرکے اور پرامن عوام پر تشددکرکے کیا پیغام دے رہے ہیں ۔کیا وہ آئین شکنی کے مرتکب نہیں ہوئے وہ بتائیں کس قانو ن میں یہ سب جائز ہے۔اگر عدالت کے احکامات صرف تحریک انصاف کیلئے ہی تھے تو پھر اعلامیے میں لکھ دیتے کہ یہ احکامات صرف پرامن لوگوں کیلئے ہیں۔ حکومت بادشاہ ہے وہ جو چاہے ظلم ڈھا سکتی ہے ۔پنجاب میں نون لیگ کو کھلی چھٹی ہے وہ جو چاہے کرے ۔ ہم سے اپنے ہی ملک میں دشمن کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے یہ دوہرا معیار کیوں ہے۔ملک کو ایک خاص ٹولے کی ملکیت بنایا جا رہا ہے ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے موٹر وے صوابی انٹرچینج پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزراء عاطف خان، شہرام خان ، شاہ فرمان، مشتاق غنی، میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ممبران صوبائی اسمبلی ، ادریس خٹک، میاں خلیق الرحمن خٹک، نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر صوبائی کابینہ کے دیگر ارکان، ضلعی و تحصیل ناظمین، ضلعی ممبران اور پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔