خبرنامہ پاکستان

ہمارا موقف واضح ہے کہ وزیراعظم پانامہ کیس سے بچ نہیں سکتے، نااہل ہوں گے، اسد عمر

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ وزیراعظم نوازشریف پانامہ کیس سے بچ نہیں سکتے،وزیراعظم نااہل ہوں گے۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وکیل نعیم بخاری نے پانامہ کیس میں ہروہ ثبوت جمع کروایا جس کی ضرورت تھی،اس لیے ہمارا واضح موقف ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کیس سے بچ نہیں پائیں گے۔اسدعمر نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ ججز نے سنانا ہے اس حوالے سے قبل ازوقت بات کرنا مناسب نہیں،پانامہ کیس کے فیصلے سے قوم کی توقعات وابستہ ہیں،اس کیس کے فیصلے سے کرپشن کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے راستہ روکنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے جو بھی فیصلہ آیا اسے قبول کریں گے،تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جدوجہد کرتی آئی ہے آگے بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔