خبرنامہ پاکستان

ہمارےکچھ وفاقی وزیربھارت کےلئےکام کرتےہیں، رحمان ملک

اسلام آباد:(اے پی پی) سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ ہے جب کہ ہمارے کچھ وفاقی وزیر بھی بھارت کے لیے کام کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنمارحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس معاملے پر پاکستان کو کوئی فوری اقدام اٹھانا ہوگا اور اس معاملے کو فوراً اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے۔ ہم نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھارتی مظالم کی نشاندہی کے لیے خط لکھ دیا ہے اور خط میں بھارتی مظالم پر نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت اور افغانستان کا گٹھ جوڑ ہے، افغان صدر اشرف غنی پارسا بن کر پاکستان پر الزامات عائد کررہے ہیں وہ کبھی بھی پاکستان سے وفا نہیں کرسکتے جبکہ بھارت قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمارا دشمن ہے ہمیں یہ بھی پتا ہے کہ اشرف غنی اور ہمارے کچھ وفاقی وزیر بھارت کے لئے کام کرتے ہیں، ہم نے کبھی بھی اچھے اور برے طالبان کی بات نہیں کی، یہ بات سب سے پہلے حامد کرزئی نے کی تھی۔ سابق وفاقی وزیر کہنا تھا کہ حقانی نیت ورک سے لے کر تمام طالبان رہنما قندھار میں موجود ہیں امریکا پاکستان کو دہشت گردوں کی صف میں شامل نہ کرے۔ پاکستانی اور افغان طالبان کبھی بھی مذاکرات نہیں چاہتے وہ صرف لڑائی چاہتے ہیں اور اس وقت دونوں ممالک کسی لڑائی کے متحمل نہیں اس وقت ہمیں امن کی اشد ضرورت ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر اپوزیشن اور حکومت کو درمیانی راستہ نکالنے کے لئے کچھ دو اور کچھ لو کی پالیسی پر عمل کرنا ہوگا اگر ابھی بھی کوئی قانون بنالیا جائے تو آئندہ پانامالیکس جیسے واقعات نہیں ہوں گے جس انداز سے ٹی او آرز کمیٹی بنی اس کا کوئی سربراہ نہیں تھا اور ہم کشتی پار لگتے نہیں دیکھ رہے کیونکہ ملاح کے بغیر کشتی نہیں چلتی ۔ عمران خان کی شادی کے حوالے سے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اگرچئیرمین تحریک انصاف نے شادی کرلی ہے تو دعا کرتا ہوں کہ وہ قائم رہے ۔