خبرنامہ پاکستان

ہیلی کاپٹرعملےکی بازیابی کیلئےتمام وسائل استعمال کئےجارہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے گزشتہ روز افغانستان میں لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے کی بحفاظت بازیابی کے لئے افغان حکومت سے درخواست کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے عملے سے متعلق فکر مند ہیں اور تمام افراد کی بحفاظت واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہیلی کاپٹر عملے کی بحفاظت بازیابی کے لئے افغان حکومت سے درخواست بھی کی گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی افغان صدر اشرف غنی کو ٹیلی فون کر کے ہیلی کاپٹر عملے کی بازیابی کے لئے تعاون کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے افغانستان میں امریکی کمانڈ کے سربراہ سے بھی رابطہ کر کے عملے کی بازیابی کے لئے درخواست کی تھی۔ گزشتہ روز پاکستان کے ایم آئی سیون ہیلی کاپٹر نے افغانستان کے صوبے لوگر میں کریش لینڈنگ کی لیکن پھر لاپتہ ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں 6 پاکستانی اور ایک روسی شہری سوار تھا۔