خبرنامہ پاکستان

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آٹھویں روز میں داخل، 71 ڈاکٹرز برطرف

لاہور(ملت آن لائن)لاہور سمیت دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آٹھویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔پنجاب کے بیشتر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز آج بھی ہڑتال پر ہیں

پنجاب کے بیشتر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز آج بھی ہڑتال پر ہیں، ملتان کے نشتراسپتال، انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، سول اسپتال، فاطمہ جناح ویمن اسپتال، شہباز شریف اسپتال اور کڈنی سینٹر میں آنے والے مریض شدید پریشان ہیں۔

گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد اور رحیم یار خان کے اسپتالوں میں بھی ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے مریض اور ان کے اہل خانہ مشکلات سے دوچار ہیں، مختلف شہروں اور دیہی علاقوں سے آنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے ۔

فیصل آباد کے الائیڈ اور سول سمیت دیگر اسپتالوں میں ہڑتالی ینگ ڈاکٹرز ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈیوٹی انجام نہیں دے رہے جس کےباعث مریض دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث پنجاب بھر کے اسپتالوں میں متعدد آپریشنز ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور پنجاب حکومت اپنے مسائل حل کرے تا کہ متوسط اور غریب طبقہ کو علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

دوسری جانب محکمہ صحت نے اب تک 71 غیر حاضر ڈاکٹروں کو برطرف کردیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 42 نئے میڈیکل آفیسرز اور 116 انٹرنی بھرتی کیے گئے ہیں جب کہ مزید ڈاکٹرز کے لیے آج جناح اسپتال میں انٹرویو لیے جائیں گے۔