خبرنامہ پاکستان

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی افغانستان سے بازیاب

لاہور:(اے پی پی) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے بازیاب کرا لیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو انتخابی مہم کے دوران 9 مئی 2013 ء کو اغوا کیا گیا تھا اور اس کے بعد ان کی بازیابی اور تلاش کیلئے کوششیں جاری رہیں ۔ علی حیدر گیلانی کو تین سال بعد افغانستان سے بازیاب کرا لیا گیا ہے ۔ افغانستان کے سفیر نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو اس حوالے سے ٹیلی فون کیا اور انہیں ان کے بیٹے کی بازیابی کی خوشخبری دی ۔ اس سے قبل سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے کو بھی افغانستان سے ہی بازیاب کرایا گیا تھا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر پیغام جاری کیا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرا لیا گیا ہے ۔