خبرنامہ پاکستان

یوم آزادی شایان شان انداز میں منایا جائے گا: پرویز رشید

جولائی (اے پی پی) جشن یوم آزادی کے حوالے سے 14 اگست کو خصوصی آزادی ٹرین چلانے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو وزارت اطلاعات ،نشریات و قومی ورثہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر سینیٹر پرویزرشید نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے تمام قومی اداروں پر زوردیا کہ وہ قومی نظریہ کو اجاگرکرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس سال آزادی ٹرین کیلئے زیادہ جامع انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ٹرین کے روٹ اورشیڈول کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تشہیر کی جائے گی تاکہ عام آدمی کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آزادی ٹرین پشاور سے شروع ہوگی اورچاروں صوبوں سے گزرنے کے بعد وسط ستمبر تک کراچی میں اختتام پذیر ہوگی۔ پی ٹی وی ، پی بی سی اور اے پی پی کے سینئرحکام نے آزادی ٹرین سے متعلق تقریبات کی کوریج کے اپنے لائحہ عمل بارے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سید عمران گردیزی اورسیکرٹری کابینہ ڈویژن ندیم حسن عارف نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اطلاعات و نشریات اور ریلویز کی وزارتوں اور ان سے منسلک محکموں کے سینئرحکام بھی موجود تھے۔