خبرنامہ پاکستان

یوم اقبال پرعام تعطیل بحالی کی قرارداد پیش

اسلام آباد :(ملت آن لائن) یوم اقبال پر 9 نومبر کو عام تعطیل بحال کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی ، حکومت کے ساتھ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے بھی قرارداد کی مخالفت کردی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں 9 نومبریعنی یومِ اقبال پر ماضی کی طرح عام تعطیل بحال کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی، قراردادمسلم لیگ ن کےنثارچیمہ نے پیش کی۔

مسلم لیگ ن کے ہی سینئیر احسن اقبال کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کرتے ہویے کہا پاکستان میں پہلےہی 52 قومی تعطیلات ہیں جوبہت زیادہ ہیں، علامہ اقبال نےمحنت کادرس دیا ہے، ہربات پرچھٹی کا نہیں، ایک دن کی چھٹی سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کے احترام میں چھٹی کی جائے توغلط ہوگا، علامہ اقبال کا ادب ہم سب کے دل میں ہے ، علامہ اقبال توکہتےتھے کہ دن کے24 گھنٹے، اور ہفتے کے ساتوں دن محنت کرنی چاہیے۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے حزبِ اختلاف کے رہنما احسن اقبال کی حمایت کرتے ہوئے ان کے موقف کو درست قرار دیا اور کہا کہ ہرچیز پرچھٹی کا تاثر ختم ہونا چاہیے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہرچیز پرچھٹی کردیں، اقبال ڈے پر ہمیں چھٹی نہیں بلکہ لوگوں کو ان کے بارے میں بتانا چاہیے۔

حکومت کی جانب سے بھی قرارداد کی مخالفت کی گئی، علی محمدخان نے کہا نثارچیمہ قراردادمیں ترمیم کرلیں کہ چھٹی نہیں ہوگی، نثارچیمہ قرارداد واپس لے لیں تاکہ ترمیم کی جا سکیں۔ علی محمدخان کی درخواست پر ن لیگ کے نثار چیمہ نے قرارداد واپس لے لی۔

دوسری جانب ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 9 نومبرکی چھٹی سےمتعلق خبرمیں کوئی صداقت نہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کو شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش منایا جاتا ہے، علامہ اقبال برصغیر پاک و ہند کے عظیم شاعر تھے جنہوں نے سب سے پہلے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، ان کے اس تصور کو پاکستان کے خواب سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔

علامہ اقبال کا بیش تر کلام جوانوں میں عقابی روح پھونکنے، ان میں غیرتِ ملی کو بیدار کرنے اور انہیں ہمہ وقت آمادہٗ عمل رہنے کے فلسفے پر مشتمل ہے۔