خبرنامہ پاکستان

یوم پاکستان کی پریڈ کی تیاریاں، ریہرسل شروع کردی گئی

اسلام آباد ، راولپنڈی (ملت + آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان 23مارچ کی فوجی پریڈ کی تیاریاں شروع کردی گئیں‘ جنگی سازو سامان پریڈ ایونیو میں پہنچانا شروع کردیا گیا ہے‘ فضائی ریہرسل بھی شروع ہوگئی، پریڈ میں چین کے فوجی دستے اور ترکی کے ملٹری بینڈز بھی شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان 23مارچ کے سلسلے میں پاک فوج کی طرف سے اسلام آباد میں فوجی پریڈ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے حکومت کے دیگر اداروں نے بھی پروگرامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی اور دعوت ناموں کی تیاری کے ساتھ تقریبات کے مقامات کی سجاوٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں پرجوش فوجی پریڈ کے سلسلے میں فضائی ریہرسل کی گئی اور پاک فضائیہ کے طیارے ایف سولہ‘ جے ایف تھنڈر اور جدید جنگی ہیلی کاپٹرز فضا میں نمودار ہوئے اور وقفہ وقفہ سے فضائی ریہرسل کرتے رہے۔ اسلام آباد ہائی وے سے منسلک پریڈ ایونیو میں جنگی سازو سامان پہنچانا شروع کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان دونوں ممالک سے شرکت کرنے والے خصوسی دستے پریڈ کا حصہ ہوں گے اور اس کی رونق میں اضافہ کریں گے ۔ یاد رہے کہ ہر سال 23مارچ کو پریڈ ایونیو میں غیر معمولی فوجی پریڈ کی جاتی ہے جس میں اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی شریک ہوتی ہے اور اس دن کو پورے قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ غیر معمولی فوجی پریڈ کے سلسلے میں پاک فوج کے جوانوں میں انتہائی جوش و خروش پایا جاتا ہے