خبرنامہ پاکستان

یوٹیوب ہیڈکوارٹر میں خاتون ملازمہ کی خودکشی

یوٹیوب ہیڈکوارٹر میں خاتون ملازمہ کی خودکشی، فائرنگ سے 4 افراد زخمی

کیلیفورنیا:(ملت آن لائن) ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب کے ہیڈکوارٹر میں خاتون ملازمہ نے فائرنگ کرنے کے بعد خودکشی کرلی جب کہ فائرنگ سے دیگر 4 افراد بھی زخمی ہوئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا میں یوٹیوب ہیڈ کوارٹر میں 36 سالہ خاتون ملازمہ نے دفتر میں پہلے فائرنگ کی جس کے بعد خود کو گولی مار کر اپنی جان کا خاتمہ کردیا جب کہ خاتون کی فائرنگ سے دیگر 4 ملازمین بھی زخمی ہوئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد یوٹیوب ہیڈکوارٹر میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ سیکیورٹی الارم بجنے کے بعد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچنے کے بعد ملازمین کو عمارت سے باہر نکال دیا جب کہ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ 36 سالہ خاتون نے پہلے فائرنگ کی جس کے بعد خودکشی کرلی تاہم پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔ دوسری جانب فائرنگ کے واقعے کے بعد بعض ملازمین کی جانب سے ٹوئٹر پر واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئ ہیں۔ وٹیوب کی سی ای او سوسان ووجکیک نے لکھا کہ ‘آج دفتر میں ہونے والی فائرنگ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، ہماری تمام تر ہمدردیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خاص طور پر سب سے پہلے ایکشن لینے والوں کے ساتھ ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں جو فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے اور ایک مرتبہ پھر ہم دوبارہ ایک فیملی کی طرح ایک ساتھ ہوں گے۔