خبرنامہ پاکستان

یو م پاکستان پریڈ پونے تین گھنٹے جاری رہی ، وزیر اعظم ہشاش بشاش تھے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) یو م پاکستان پریڈ پونے تین گھنٹے جاری رہی ، وزیر اعظم محمد نواز شریف انتہائی ہشاش بشاش تھے اور اس طویل دورانیہ کی تقریب میں کھڑے رہے ، ایک موقع پر صدر ممنون حسین کمر کی تکلیف کی وجہ سے نشست پر بیٹھ گئے ، سلامی کے چبوترے پر واحد کرسی صدر پاکستان کیلئے رکھی گئی ، دیگر اعلیٰ قیادت تقریب میں دفاعی ، فضائی ، ثقافتی مظاہروں کو پورے انہماک سے دیکھتی رہی ۔تقریب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سفرا ، ارکان پارلیمنٹ ، ممتاز شخصیات اور کثیرتعداد میں شہریوں نے شرکت کی ، شرکاء تقریب نے ہاتھوں میں جھنڈیاں اٹھارکھی تھیں اور وقفہ وقفہ سے انہیں لہراتے رہے ، تقریب میں کئی مواقع پر پاک فوج کی غیر معمولی صلاحیت کے اظہار پر صدر و وزیر اعظم ، اعلیٰ عسکری قیادت نے خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تالیاں بجائیں۔