خبرنامہ پاکستان

یکہ توت خودکش حملے کا زخمی دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے کا زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق یکہ توت دھماکے میں زخمی ہونے والا شخص محمد عادل دوران علاج دم توڑ گیا جب کہ 7 زخمی اب بھی زیرعلاج ہیں۔

دوسری جانب بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت پر خیبرپختونخوا بارکونسل کی کال پر تین روزہ سوگ اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے جس کے پیش نظر صوبے بھر میں وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے۔

یاد رہے کہ اے این پی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

سی سی پی او پشاور قاضی جمیل نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔