خبرنامہ پاکستان

لائر اور لائیر کے الفاظ پر سماعت کشت زعفران بن گئی

سپریم کورٹ:(ملت+اے پی پی) سپریم کورٹ میں آج ہونے والے پاناما کیس کی سماعت ایک موقع پر لائر (Lier)یعنی جھوٹا اور لائیر (Lawyer)یعنی وکیل کے الفاظ کے باریک فرق پر کشت زعفران بن گئی ۔ پاناما کیس کے مقدمے میں ایک درخواست گزار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی ہیں،نے دوران سماعت جب اپنے دیسی لہجے میں کہا کہ وہ لائر نہیں پھر بھی اپنا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آپ لائرنہیں یا لائیر نہیں، تو بھری عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے شیخ رشید سے کہا کہ آپ سیاست کی بجائے وکالت اختیار کرتے تو کامیاب رہتے۔ مگر معاملہ یہاں ختم نہ ہوا اور عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اگر شیخ رشید نے اس مکالمے کو اپنی تعریف سمجھا تو خواجہ سعد رفیق نے یہ کہہ کر آئینہ دکھا دیا کہ شیخ رشید کی مت ماری گئی ہے۔