خبرنامہ پاکستان

 اسلام آباد:ضمنی بلدیات انتخابات کیلئے پولنگ جاری

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی) میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسل نمبر 48 اور 49 میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔دونوں یونین کونسلز میں رجسٹرڈ ووٹرز 24 ہزار 883 ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یو سی 48 سرائے خربوزہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 16 ہزار 19 جبکہ یوسی 49 شاہ اللہ دتہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 ہزار 864 ہے۔ انتخابات کے انعقاد میں امن و امان کی صورتحال کے لئے رینجرز اہلکار تمام پولنگ ا سٹیشن کے اندر اور باہر تعینات کئے گئے ہیں ۔ دونوں یونین کونسلز میں کل 26 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 5 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔انتخابات میں 28 ہزار ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ یونین کونسل 48 اور 49 کے چئیرمینز کے اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ڈپٹی مئیر منتخب ہونے پر نشستیں خالی ہوئی تھیں ۔ یو سی 48 سرائے خربوزہ میں چیئرمین کے لیے مسلم لیگ ن کے نوابزادہ غضنفر علی خان اور پی ٹی آئی کے ملک محمد امتیاز بد مقابل ہیں جبکہ یوسی 49 شاہ اللہ دتہ میں مسلم لیگ ن کے ذکی حیدر شاہ اور آزاد امیدوار ملک جمشید علی مد مقابل ہیں ۔ انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن میں شکایات سیل قائم کیا گیا ہے، پولنگ کے دوران بد نظمی اور بد انتظامی کی شکایات الیکشن کمیشن کے شکایات سیل میں درج کرائی جا سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فون لانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے ۔