خبرنامہ پاکستان

100 دن میں ملک کے اندرونی اور بیرونی معاملات بدل گئے ہیں ،بابراعوان

صوبے داری لشکر

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان کا کہنا ہے کہ100 دن میں ملک کے اندرونی اور بیرونی معاملات بدل گئے ہیں ، بین الاقوامی سطح پر اب مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کو دو ٹوک جواب دئیے جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نندی پور پاور پروجیکٹ میں تاخیر سےمتعلق ریفرنس پر سماعت کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر بابراعوان نے میڈیا سے بات چیت میں صحافی نے سوال کیا حکومت کے 100دن پورے ہوگئے کیا کہیں گے، کیسی رہی کارکردگی؟

بابراعوان نے کہا 100دن میں اندرون اور بیرون ملک منظرہی بدل گیا، اندرون ملک اب کوئی کوئی قانون سے بالا نہیں، اب کوئی راستے بند نہیں کرتا، کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اب کوئی چوری نہیں کرسکتا بین الاقوامی سطح پر اب مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ کو دو ٹوک جواب دئیے جاتے ہیں۔

خیال رہے تحریک انصاف کی حکومت کےسودن پورے ہونے کے قریب ہیں، پی ٹی آئی کے پہلے سو دن کے بڑے اقدامات پر ایک رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی پہلے
سو دن کی سمت متعین کرنے کیلئے بڑے اقدامات کیے، ماضی کے حکمرانوں کی ساری شاہ خرچیاں بند کرکے سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی کر دی۔

غریبوں کے لیے پچاس لاکھ گھر بنانے کے لیے بڑی پیش رفت کی اور وزیراعظم سے براہ راست رابطے کے لیے بڑا قدم اٹھایا۔

یاد رہے حکومت نے 100 دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ میں حکومت کے آئندہ 5 سال کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

سو دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔