خبرنامہ پاکستان

15 سالہ پاکستانی بچی عیزہ عابد نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کا عالمی پوسٹر سازی مقابلہ جیت لیا

اسلام آباد (اے پی پی) 15 سالہ پاکستانی بچی عیزہ عابد نے 12 سے 18سال کے درمیان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کا پوسٹر سازی کا بچوں کا عالمی مقابلہ جیت لیا جبکہ پانچ سے 11 سال کے درمیان بچوں کا مقابلہ جنوبی بحرالکاہل میں واقع جزیرہ سموا کی 11 سالہ الیگزنڈریا سلاون نے جیت لیا‘ اس بات کا اعلان جمعہ کو یہاں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی جانب سے کیا گیا۔ مقابلے کا اہتمام انسانی حقوق سے متعلق دو بنیادی معاہدوں کی 50 ویں سالگرہ کے موقع کیا گیا تھا۔15 سالہ پاکستانی بچی نے اپنی پینٹنگ میں خیالات کی آزادی کی عکاسی کی ہے۔ عیزہ عابد کا کہنا ہے میری پینٹنگ میں انسانی زندگی میں تاریکی اور تجدید کی عکاسی کی گئی ہے۔ ایک بار انسان دوسروں کے فٖیصلوں اور دبائو سے آزاد ہو جائے تو وہ صحیح معنوں میں حقیقت پر مبنی رنگوں میں اپنے خیالات و تصورات کا اظہار کر سکتا ہے۔