لاہور:(ملت آن لائن) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 15 نومبر کو وزیر اعظم حیدرآباد ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ ریلوے میں نوکریوں کے لیے مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں ویجی لینس سیل ختم کر دیا، ریلوے کی والٹن اکیڈمی کو یونیورسٹی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے کے باوجود کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، تیل مہنگا ہوتا رہا تو ہمیں کرائے بڑھانے کا بھی سوچنا ہوگا۔ ریلوے میں 10 ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت مل گئی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 15 نومبر کو وزیر اعظم حیدر آباد ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ تمام ڈائر یکٹر اپنے اپنے پراجیکٹ میں موجود ہونے چاہیئں۔ ہماری پپری یارڈ میں 1800 ایکڑ قیمتی زمین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے میں نوکریوں کے لیے مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے گی، بے روزگاری کے سمندر کو ختم کرنے میں ریلوے بھی حصہ ڈالے گی۔ ٹریکنگ سسٹم سے ہر کوئی دیکھ سکے گا مال گاڑی کہاں پہنچی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق میرا لیول نہیں ان سے الجھنا نہیں چاہتا، دنیا میں کوئی بھی چیز شخصیت پر نہیں چلتی۔ میرے بعد آنے والا شخص شاید ریلوے کو زیادہ اچھا چلائے۔
وفاقی وزیر نے نیب کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صرف نیب کیا کرے گا؟ کرپشن کا بازار لگا ہوا ہے۔ نئے سال سے کرپٹ خاندانوں کی سیاست ختم ہونے جارہی ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ بچپن سے چین جا رہا ہوں سینئر سیاستدان ہوں، عمران خان کے دورے کے بعد چین میں تاثر تبدیل ہوگیا ہے۔ ’تحریک انصاف 100 دن میں 20 فیصد بھی ڈیلیور کرتی ہے تو بڑی بات ہے‘۔