خبرنامہ پاکستان

18ویں ترمیم سے متعلق مشیرخزانہ کے بیانات پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع

18ویں ترمیم سے متعلق مشیرخزانہ کے بیانات پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی نے این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں ترمیم کو تنقید کا نشانہ بنانے پر مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر، نواب یوسف ٹالپور، ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور دیگر ارکان قومی اسمبلی نے تحریک التوا جمع کرائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے این ایف سی ایوارڈ اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پیپلز پارٹی صوبائی حقوق پر کسی بھی سمجھوتےکی قائل نہیں۔ عالمی مالیاتی اداروں کے ایماء پر کئے گئے کسی بھی ایسے اقدام کی بھرپور مخالفت کی جائے۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک التوا میں مزید کہا گیا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے اوراین ایف سی ایوارڈ میں کوئی تبدیلی لانے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔