خبرنامہ پاکستان

21 ملکی فوجی مشقیں‘ نیٹو طرز کے اسلامی ممالک کے اتحاد کا پیش خیمہ قرار

اسلام آباد(اے پی پی) سعودی عرب میں 21 اسلامی ممالک کی ’’دہشت گردی و انتہا پسندی‘‘ کے خلاف مشترکہ فوجی مشقوں کو ’’نیٹو‘‘ کی طرز پر اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کا کلیدی کردار ہوگا۔ وزیراعظم نوازشریف اور جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکمران شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر مسلمان ممالک سے ملاقاتوں کے دوران ’’اسلامی فوجی بلاک‘‘ کا قیام زیر غور آیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل نے سعودی سیاسی و عسکری قیادت سے مستقبل کے سیاسی و فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فوجی مشقوں ’’رعدشمال‘‘ میں پاکستان کی مسلح افواج کی شرکت غیر معمولی طورپر نمایاں تھی۔ اس شو میں پاکستان واحد بڑی فوجی قوت تھی جبکہ دیگر اسلامی ممالک کی سیاسی اہمیت ہے۔ سعودی سرزمین پر ہونے والی 21 اسلامی ملکوں کی مشترکہ فوجی مشقوں سے یہ اشارات دئیے گئے ہیں کہ پاکستان کے لئے سعودی عرب کی قومی سلامتی کو غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ سعودی عرب کے صحرا میں فوجی مشقوں میں پاکستان کی شمولیت سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔