خبرنامہ پاکستان

25 عالمی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی اجازت،27 سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ

اسلام آباد:(آئی این پی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے 25عالمی این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی منظوری دیدی۔ کوائف جمع نہ کرانے والی 27 سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کی بھی ہدایت کر دی گئی۔ وزیر داخلہ کی زیرصدارت اجلاس میں بین الاقوامی این جی اوز‘ سیف سٹی پراجیکٹ پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پرائیویٹ سکیورٹی کمپنیوں کے حوالے سے قانون سازی پر بھی غور کیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ کوآرڈی نیٹر نیکٹا‘ آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنرز نے شرکت کی۔ سپریم کورٹ کی گزشتہ روز کی کارروائی پر وزیر داخلہ نے کہاکہ سپریم کورٹ کا رہائشی علاقوں سے دفاتر خالی کرنے کا حکم سر آنکھوں پر‘ عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتی حکم پر رہائشی علاقوں سے دفاتر فوری خالی کر دئیے جائیں‘ دہشت گرد تنظیم کا نام لے کر تشہیر ججز کی شایان شان نہیں۔ سیف سٹی پراجیکٹ اپریل میں آپریشنل ہو جائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزارت داخلہ نے ہائوس ہولڈ سروے کے دوران اسلام آباد پولیس کو اپنے کوائف مہیا نہ کرنے والے 303 غیرملکیوں کے گھروں کے (آج) بدھ سے داخلی اور خارجی راستے بلاک کر نے کا حکم دیدیا جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔