خبرنامہ پاکستان

3ستمبر کو لاہور میں پر امن طریقے سے عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے، عمران خان

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ 3ستمبر کو لاہور میں پر امن طریقے سے عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ کسی پارٹی کے کے سربراہ کو اپنا پارٹی منشور بیان کرنے سے روکنا غیر آئینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بنی گالا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہاکہ پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تسلیم کیا جائے۔ اس معاملے پر نیب اور ایف بی آر کی ساکھ متاثر ہوئی ہے تاہم اب الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ سے ہماری توقعات وابستہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور بد عنوانی کے باعث ملک میں غربت میں اضافہ اور سرمایہ کاری میں کمی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صرف غریبوں پر قانون لاگو ہوتاہے امیروں کے خلاف قانون پرعملدرآمد نہیں کیا جاتاہے۔ وہ پرویز مشرف کے دور میں 8دن جیل میں رہے ۔ جیلیں غریبوں سے بھری ہوئی ہیں، ہم ایسا قانون چاہتہے ہیں جو سب پرلاگو ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امن طریقے سے عوامی طاقت کا مظاہرہ کررہے ہیں ، پر امن جلسے کرنا ہمارا حق ہے ۔3 ستمبر کو لاہور میں پر امن طریقے سے ہی عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنا پارٹی منشور بیان کرنے کیلئے جہلم کادورہ کیا۔ کسی پارٹی سربراہ کو اپنی پارٹی کا منشور بیان کرنے سے روکنا غیر آئینی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے مطالبات کی بھی حمایت کی۔