خبرنامہ پاکستان

36 ٹرینوں میں ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے، ا،دیوان عاشق حسین

اسلام آباد ۔ 2 فروری (ملت +اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکریٹری ریلوے دیوان عاشق حسین نے بتایا ہے کہ 36 ٹرینوں میں ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے جلد بقیہ ٹرینوں کی ٹکٹ کے لئے بھی ای ٹکٹنگ کا نظام رائج کر دیا جائے گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عائشہ سید کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکریٹری ریلوے نے بتایا کہ ریلوے کے ٹکٹ بلیک ہونے سے روکے جانے کے لئے ریلوے میں ای ٹکٹنگ کا نظام ضروری ہے، گزشتہ سال اکتوبر سے گرین لائن ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، بزنس ٹرین سمیت 36 ٹرینوں کے لئے ابتدائی طور پر ای ٹکٹنگ کا نظام رائج کیا گیا ہے۔ ہمارے پاس یہ سسٹم آ گیا ہے، جلد دیگر ٹرینوں کی ای ٹکٹنگ کر دی جائے گی۔ ای ٹکٹنگ کا کاؤنٹر پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم کرنے کے حوالے سے وزارت سے بات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 31 سٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے پی سی ون میں نوشہرہ، پشاور، جہانگیرہ، ہری پور، حویلیاں سٹیشن شامل ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریلوے ٹریک سے کراسنگ کی بجائے پل، بائی پاس سے پھاٹک کراس کرنے کو ترجیح دیں۔ مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکریٹری ریلوے نے بتایا کہ حکومت نے 38 ارب 26 کروڑ 29 لاکھ روپے کی لاگت سے لودھراں سے کوٹری سیکشن تک سگنلنگ نظام کی اپ گریڈیشن اور بحالی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ یہ سی پیک میں شامل ہو گیا ہے۔ پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کا گواہ پورا پاکستان ہے، مال بردار گاڑیاں چل پڑی ہیں۔