خبرنامہ پاکستان

سترواں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

سترواں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا

پاکستان کا 70 واں یوم آزادی ملک بھر میں بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے،سندھ ،پنجاب، خیبرپختونخوا ،بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی،لوگوں کے چہرے خوشی سے دمکتے رہے اور ہر کوئی خدا کا شکر گزار رہا ہے۔

پاکستان آج 70 برس کا ہوگیا ،ساری قوم نے ایک آواز ہوکر پاکستان زندہ باد ،جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے ،لبوں پر وطن عزیز کے لئے دعائیں تھی اور دلوں میں قومی پرچم سربلند رکھنے کا عزم بھی رہا ۔

اقبال نے خواب دیکھا ، قائد نے تعبیر دی ،14 اگست 1947ء میں دنیا کے نقشے پر ابھرنے والے پاکستان میںکراچی سے خنجراب تک آزادی کا جشن بھرپور طریقے سے منایا گیا،وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا ۔

اس موقع پر ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا ،کنونشن سینٹر اسلام آباد سمیت ملک کی اہم عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم لہرا کر دنیا میں سربلند رکھنے کا خود سے عہد کیا گیا،مزار قائد کراچی اور لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

گلی گلی سبز ہلالی پرچموں کی بہار اتر آئی ،ملی نغموں کی گونج نے چہروں پر خوشیوں کے رنگ ایسے بکھیرے کہ کیا گلیاں، کیا محلے، کیا سڑکیں کیا بازار، پورا ملک سبز ہلالی ہوگیا۔

اسلام آبا دکی فضاوں میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مہارت کا شاندار انداز دکھایا،ترکی اور سعودی عرب کی ائیرفورس نے بھی اس موقع پر ساتھ نبھایا اور دیکھنے والوں سے خوب داد وصول کی۔

ساحل سمندر کراچی پر بھی پاک فضائیہ کے شاہین گرجے تو وطن پر بری نظر رکھنے والوں کے دل دہل گئے،ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر نے ہموطنوں کا لہو گرمادیا۔

شہر شہر گلی گلی ہر پاکستانی نے اپنے اپنے انداز سے وطن سے محبت کا انداز اپنایا،عہد وفا دہرایا کہ سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھا جائے گا۔