خبرنامہ پاکستان

نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیراعظم ہاؤس میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں اور ہم مل کر نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت (ن) لیگ کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ اور پارلیمان میں حکمران جماعت کی حتمی حکمت عملی پر بھی مشاورت جاری ہے جب کہ ارکان کو انتخابی اصلاحات پر ترمیمی بل سے متعلق بریفنگ بھی دی جارہی ہے۔ اجلاس میں آئینی اصلاحات ترمیمی بل پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔

اتنخابی اصلاحات ترمیمی بل 2017 کے مطابق نئے قانون میں الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی خود مختاری دے دی گئی ہے اور اب الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ کے مساوی اختیارات حاصل ہوں گے۔

نئے قانون کے مطابق الیکشن کمیشن مردم شماری کے نئی حلقہ بندیوں، امیدواروں کو تصاویر والی انتخابی فہرستیں فراہم اور تمام حلقوں کے انتخابی نتائج ویب پر جاری کرنے کا پابند ہوگا۔ جب کہ نئے ترمیمی بل مین سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لئے ایک ہی کاغذات نامزدگی ہوگا جب کہ ریٹرنگ افسر سے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپنے کا صوابدیدی اختیار بھی ختم کردیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی سے کہا کہ میر ے وزیراعظم نوازشریف ہی ہیں ، ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، ہم مل کر نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھائیں گے، میں ہر وقت آپ کے لئے حاضر ہوں آپ سے دور نہیں ہوں گا آپ سب کو مل کر میرے ساتھ کام کرنا ہوگا کیونکہ آپ ساتھ دیں گے تو نواز شریف کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا۔