خبرنامہ پنجاب

آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کیس؛ ناقابل سماعت

لاہور(آئی این پی) چیف جسٹس لاہور ہا ئیکورٹ نے تنزلی کا شکار ہونے والے 12انسپکٹروں سمیت 109ملازمین کی درخواستیں نا قابل سماعت قرار دے کر خارج کرتے ہوئے انہیں متعلقہ فورم سروس ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔جمعرات کے روز لاہو رہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کیس کے فیصلے کو جواز بناتے ہوئے ان کی تنزلی کر دی گئی ہیں حالانکہ تمام ملازمین آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کیس کی زد میں نہیں آتے اور انہوں نے محکمانہ کورسز بھی کررکھے ہیں ۔ علاوہ ازیں تمام ملازمین کی سنے بغیر تنزلی کی گئی ہے جسکی قانون اجازت نہیں دیتا ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ سماعت کے دوران ڈی ایس پی لیگل سمیت دیگر پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے اورموقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کیس کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ یہ کیس سپریم کورٹ میں ہے اس لئے ہائیکورٹ کو اسے سننے کا اختیار نہیں اور درخواست گزاروں کو متعلقہ محکمے سے متعلقہ فورم سے رجوع کرنا چاہیے ۔