خبرنامہ پنجاب

آئی ایچ آر سی کی رپورٹ بھارت کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے کافی ہے‘چوہدری سرور

لاہور(ملت + آئی این پی) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ کشمیر پر آئی ایچ آر سی کی رپورٹ ہی بھارت کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے کافی ہے ‘ بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں کشمیر یوں کو اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ تحر یک آزادی میں94ہزار سے زائد کشمیر یوں کی قر بانیں رائیگاں نہیں جائیں گی آج نہیں تو کل ضرور مسئلہ کشمیرحل ہوگا ‘بھارت میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں اقوام متحدہ سمیت مسلمان ملکوں کے منہ پر طمانچہ ہے انکو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے ورنہ آنیوالی نسلیں اور تاریخ انکو معاف نہیں کر یگی ۔وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر نے کی مہم کے دوران لندن میں میاں علی احمد صوفی کی جانب سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر محمد سمیع اور ریاض قر یشی سمیت دیگر بھی موجود تھے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ آئی ایچ آر سی کی بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور درندگی پر شائع ہونیوالی رپورٹ ہی بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے کافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ27 سالوں کے دوران بھارتی افواج نے94,548 کشمیریوں کو شہید اور ایک لاکھ 37 ہزار469کوگرفتار‘22 ہزار 826 خواتین کو بیوہ کیا ہے جبکہ بھارتی افواج نے10ہزار 717 کشمیری خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایااس سے بڑ ی اور دہشت گردی کیا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیر ی عوام نے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر آزادی کی تحر یک کی ایک نئی مثال قائم کر دی ہے اور اس بات میں اب کوئی شک نہیں رہا ہے کہ بھارت کے مظالم کا سورج غروب ہونیوالا ہے اور آج نہیں تو کل ضرور کشمیر یوں کو آزادی ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب ایک بات سمجھ لینی چاہیے وہ بند وق اور گولی سے کشمیر یوں کی آواز کو دبا نہیں سکتا اور پوری دنیا کے مسلمان کشمیر کی آزادی کی تحر یک میں کشمیر یوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔