خبرنامہ پنجاب

آج سےشروع ہونےوالی تحریک حکمرانوں کےمواخذے کی تحریک ہے

لاہور: (آئی این پی) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے حکمرانوں کو ایک بار پھر للکار دیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کہتے ہیں کہ حکمرانوں کو اب کہیں پناہ نہیں ملے گی، بیس سے تیس اگست تک 140 شہروں میں چلنے والی احتجاجی تحریک کو حکمرانوں کے مواخذے کی تحریک ہو گی۔ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمران ضابطہ فوجداری میں ترمیم چاہتے ہیں، استغاثہ کا اختیار جج سے ختم کرکے ایس ایچ او کو دینے جا رہے ہیں مگر اس سے پہلے انکا اقتدار ختم ہو جائے گا۔ طاہرالقادری نے دعویٰ کیا کہ حکومت میں بیٹھے بہت سے لوگ بھاگنے کی تیاری میں ہیں یہ چلے بھی گئے تو انہیں انٹرپول سے واپس لایا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے وزارت داخلہ کا خط بھی میڈیا کو دکھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں حکومت کی ایک اتحادی جماعت وہاں شناختی کارڈز کی جبراً تصدیق نہیں ہونے دے رہی۔