لاہور (ملت + آئی این پی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے سیاسی محاذ گرمانے کے لئے متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ، پس پردہ جوڑ توڑ کا محاذ آصف علی زرداری جبکہ فرنٹ فٹ پر جلسوں کا محاذ بلاول بھٹو زرداری سنبھالیں گے‘ سیاسی جماعتوں سے ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی پر بھی فوری رابطوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی بلاول ہاؤس لاہور میں اعلی سطحی مشاورت میں آصف علی زرداری نے پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے لئے متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی ہے ۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے مرکزی نائب صدر میاں منظور احمد وٹو ، صدر وسطی پنجاب قمر زمان کائرہ ، سابق وزیر دفاع چوہدری احمد مختار ، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نواز کھوکھر ، سابق وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی ، حاجی عزیز الرحمن چن ، جنرل سیکرٹری پنجاب ندیم افضل چن ، سیکرٹری اطلاعات پنجاب مصطفے نواز کھوکھر اوردیگر رہنماؤں کے ساتھ مشاورتی ملاقات میں طے کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اب بھرپور انداز سے سیاسی محاذ گرمائے گی ۔ آصف علی زرداری نے پنجاب بھر میں بلاول بھٹو کے سیاسی جلسوں کی منظوری دیدی ۔ آصف علی زرداری پس پردہ جوڑ توڑ اور سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے جبکہ بلاول بھٹو فرنٹ فٹ پر سیاسی محاذ سنھبالیں گے اور بھرپور جلسے کریں گے‘پہلے مرحلے میں پنجاب کے ہر ڈویژن میں جلسے ہوں گے ، دوسرے مرحلے میں ضلع کی سطح پر جلسے ہوں گے‘ جن جن ڈویژن میں تنظیمیں مکمل ہوچکی ہیں وہاں جلسوں کا شیڈول دیدیا جائے گا ۔ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے بعد پیپلز پارٹی سیاسی میدان سجائے گی ۔ آصف علی زرداری پنجاب بھر کے اضلاع میں سیاسی رابطے کریں گے ۔ سیاسی جماعتوں سے تعاون ، انتخابی ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور کو براہ راست آصف علی زرداری دیکھیں گے ۔