خبرنامہ پنجاب

احتجاجی سیاست ملک کا بے پناہ نقصان کرچکی ہے، شہبازشریف

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست کے باعث پہلے ہی ملک کا بے پناہ نقصان ہوچکا، جب ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہے تو احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے،احتجاج کی سیاست نے پہلے بھی ملک کا بے پناہ نقصان کیا، ملک میں منفی سیاست کرنے والے نہ تو ملک کی ترقی چاہتے ہیں اور نہ انہیں عوام کی خوشحالی سے کوئی دلچسپی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک پر نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے تو احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا پاکستان کے عوام بہت باشعور ہیں وہ جانتے ہیں کہ ان کی خدمت کون کر رہا ہے اور انتشار کی سیاست کس کا وطیرہ ہے عوام آئندہ انتخابات میں ایسے عناصر کو یکسر مسترد کردیں گے۔