لاہور.:(اے پی پی).پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے احتجاجی ملازمین کو سزا دینے کی جلدی کہیں یا پی آئی اے انتظامیہ کی بد حواسی، باکمال انتظامیہ نے کراچی میں احتجاج میں شرکت کے الزام میں ایک ایسے ملازم کو برطرف کردیا جو لاہور اسٹیشن پر تعینات ہے۔پی آئی اے کی ممکنہ نج کاری کے خلاف ادارے کے ہزاروں ملازمین نے احتجاج کیا تھا۔ پی آئی اے انتظامیہ اب احتجاج میں شریک ملازمین کے خلاف انتہائی اقدام کررہی ہے لیکن اس طرح کہ یہ اقدام خود مذاق بن گیا۔ گزشتہ روز برطرف کئے گئے شعبہ انجینئرنگ کے چھ ملازمین میں سے ایک محمد نعیم خان بھی ہیں ۔ برطرفی کے خط میں درج ان کی تمام تفصیلات ہی غلط ہیں ۔پی آئی اے ریکارڈ میں نام محمد نعیم خان ہے، شوکاز اور برطرفی کے خط میں رائو نعیم خان درج ہے۔ پی آئی اے ریکارڈ میں نعیم خان کا اسٹاف نمبر 63751 ہے ، جبکہ شوکاز نوٹس میں 63762 لکھاہے۔ شوکاز اور برطرفی کے خط میں نعیم خان کا عہدہ سینئر ٹیکنیشن درج ہے جبکہ پی آئی اے ایچ آر ریکارڈ کے مطابق وہ سینئر انجینئرنگ انسپکٹر ہیں ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ نعیم خان کو کراچی میں احتجاج میں شرکت کے الزام میں برطرف کیا گیا جبکہ وہ مستقل طور پر لاہور اسٹیشن پر تعینات ہیں ۔ نعیم خان پی آئی اے کے قابل ترین ایئرکرافٹ انجینئرز میں شمار ہوتے ہیں ،ایچ آر ریکارڈ میں ان کی اے سی آر میں ہر سال بہترین درج ہے ۔