خبرنامہ پنجاب

احتساب کی باتیں کرنیوالےسرسے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہیں: شہباز

لاہور: (آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔ حضوری باغ میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا۔ انہوں نے نام لئے بغیر عمران خان اور پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ انتہاء پسندی، دہشت گردی اور بجلی کے اندھیروں نے ہمارے خواب پورے نہیں ہونے دیئے۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ کشمیر ایک دن ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے بچوں کے ساتھ ملی نغمے بھی گائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس سے پہلے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے افغانستان سے بازیاب ہونے والے ہیلی کاپٹر کریو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس اور دیگر عملے کی واپسی کسی معجزے سے کم نہیں ہے اور عملے کی بحفاظت وطن واپسی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے عملے نے نامساعد حالات میں بھی ہمت نہیں ہاری اور ان کی بحفاظت وطن واپسی نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ پوری قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر ہیلی کاپٹر کریو نے بھی وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا۔