خبرنامہ پنجاب

اختیارات کاغیرقانونی استعمال،ہا ئیکورٹ نےوکلاء کوطلب کرلیا

لاہور: (اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کرنے پر ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزارمقامی شہری ماسٹر عبدالخالق کے وکیل طلعت فاروق شیخ نے موقف اختیار کیا کہ ڈی سی اونے اپنے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے کاہنہ کاچھہ سبزی منڈی سمیت شہر کی سبزی منڈیوں میں قائم دوکانوں کی تصدیق کے لئے ویریفکیشن کمیٹی تشکیل دے دی۔انہوں نے کہا کہ قوانین کے تحت ڈی سی او الاٹمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار رکھتے ہیں ویری فکیشن کمیٹی کی تشکیل حکومت پنجاب کا اختیار ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی سی او کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ویری فکیشن کمیٹی کی تشکیل کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے ڈی سی او کی جانب سے تحریری جواب عدالت کے روبرو جمع کرا دیا.جس پرعدالت نے فریقین کے وکلاء کو آٹھ ستمبر کو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔