لاہور: (اے پی پی) اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف حتمی آپریشن کی حمایت کر دی۔ کہتے ہیں کہ چھ ماہ پہلے یہ عمل شروع کر دیا جاتا تو معصوم شہریوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت شرپسند عناصر کے خلاف پنجاب میں ملٹری آپریشن کے حوالے سے آواز تو اٹھائی جا رہی تھی لیکن حکومتی اراکین نہ تو اسکی حمایت میں تھے اور نہ ہی صوبے کے کسی علاقے میں تخریب کاروں کے کسی بڑے نیٹ ورک کی موجودگی کو تسلیم کرنے کیلئے تیار تھے۔ سانحہ گلشن اقبال پارک نے حکمرانوں کی اس غلط فہمی سے پردہ اٹھایا اور آخرکار ایک بڑے آپریشن کا آغاز کرنا پڑا۔ اراکین اسمبلی کہتے ہیں کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تاخیر ضرور ہوئی ہے لیکن اب ملک دشمن عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پوری قوت سے وار کرنا ہوگا۔ یوں تو سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد شروع ہونے والے آپریشن میں صوبے کے مختلف شہروں سے ہونے والی گرفتاریوں سے حالات کی سنگینی کا اندازہ تو ہو ہی گیا ہے لیکن اب ماضی کی کوتاہیوں کو نظر انداز کرنا ہی بہتر ہوگا۔