خبرنامہ پنجاب

ازخود نوٹس کیس؛ ریاست کومعلوم نہیں بچوں کوکیوں اغوا کیاجارہا ہے، سپریم کورٹ

لاہور:(اے پی پی) پنجاب میں بچوں کے اغوا کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریاست کو معلوم نہیں کہ بچوں کو کیوں اغوا کیا جارہا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پنجاب میں بچوں کے اغوا کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ یہ معلوم کرنا ضروری ہے کہ بچوں کو کس مقصد کے لیے اغوا کیا جارہا ہے، بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ ایک دن میں نہیں بن جاتے اور سب سے زیادہ دکھ کی بات یہ ہے کہ بچے بازیاب نہیں ہورہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ بچہ اغوا ہو تو سب سے پہلی ذمہ داری پولیس کی ہے جب کہ ریاست کو معلوم ہی نہیں کہ بچے کیوں اغوا ہوتے ہیں تاہم بچوں کے اغوا سے متعلق از خود نوٹس سے ادارے متحرک ہوئے ہیں۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔